بھٹکل:14/جنوری (ایس او نیوز) وزراء، سیاست دان ، آئی اے ایس، آئی پی ایس افسران مضبوط ہوتے ہیں تو ملک مضبوط نہیں ہوگا بلکہ ملک کا مستقبل کہلانے والے ہمارے طلبا مضبوط و مستحکم ہوتے ہیں تو ہمارا ملک مضبوط و مستحکم ہوگا، علم سے ہی اقتدار حاصل ہوتاہے، تعلیم ایک کارگر ہتھیار ہے جو ملک کو ترقی دیتے ہوئے آگے لے جاتاہے، مگر اس میں ایماندار ی کا ہونا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی کابینہ کے وزیر برائے اغذیہ یوٹی قادر نے کیا۔ وہ یہاں14جنوری بروز سنیچر کو انجمن میدان میں منعقدہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے زیر سرپرستی چلنے والے انجمن اینگلو اردو ہائی اسکول ، نوائط برانچ ہائی اسکول اور انجمن بائز ہائی اسکول کے مشترکہ 77ویں سالانہ جلسہ میں مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے موجودہ حالات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم یافتہ لوگ ہی ملک کے لئے مسائل پیدا کررہے ہیں، عورتوں پر ظلم وستم، رشوت خوری ، بدعنوانی ، بے ایمانی کے معاملات میں زیادہ تر تعلیم یافتہ لوگ ہی ملوث پائے جا رہے ہیں۔ اسی لئے ہمارے تعلیمی اداروں کو چاہئے کہ وہ معیاری اور اخلاقی تعلیم کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے تعلیمی ترقی میں کمی کے لئے دیہی علاقوں میں والدین و سرپرستوں کی طرف سے اپنے بچوں کی تعلیم پر زیادہ توجہ نہ دینے کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے والدین و سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا وقت جتنا گھر پر دیتے ہیں اتنا اپنے بچوں کی تعلیم پربھی دیں۔ کسی ایک خاندان کا ایک بچہ بھی تعلیمی سطح پر اپنا مستقبل روشن کرتاہے تو گویا پورا خاندان اس سے جلا پاتاہے اور ہر طرف تعلیمی ماحول نظر آتا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے والدین اور اساتذہ کو زیادہ توجہ دینےکی اپیل کی۔
اعزازی مہمان کی حیثیت سے ملی کونسل کے مولانا فاروق فیضان رشادی نے کہاکہ مسلمان تعلیمی میدان میں انقلاب پیدا کررہے ہیں، بہترین تعلیم کے ساتھ معیاری تعلیم ضروری ہے۔ حضرت محمد ﷺ کے امتی ہونے کے ناطے ہم صرف کھانے پینے ، کپڑوں کے متعلق ہی بات کرتے ہیں لیکن حضرت محمد ﷺ نے جو سماجی سطح پر انقلاب برپا کیا ، جس طرح انسانیت کے متعلق فکر مندی جتائی ہے اس سے طلبا کو متعارف کرانا چاہئے۔ ہمیں طلبا میں ایسے ہمدرد اور دردمند دلوں کو پید اکرنا ہے جو انسانی مسائل کو سماعت کرنے اور انہیں حل کرنے کی فکر کریں۔
انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر عبدالرحیم جوکاکو نے جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے بھٹکل کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ انجمن کے اداروں میں ہی اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں، انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لئے مینگلور، بینگلوریا دیگر بڑے شہروں کی طرف بھیج کر اُن کا مستقبل خراب نہ کرنے کی والدین سے اپیل کی اور کہا کہ آج انجمن انجینرنگ کالج، بی بی اے ، بی سی اے، بی کام وغیرہ میں سب سے اعلیٰ پیمانے پر تعلیم دی جارہی ہے۔آگے کہا کہ آج انجمن بھٹکل کا سب سے ٹاپ تعلیمی ادارہ ہے اور انجمن کالج کے طلبہ و طالبات ریاستی سطح پر یونیورسٹی رینک حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجمن انجینرنگ کالج کے ایک طالب العلم نبیل مصطفیٰ نے 2014 میں پوری ریاست میں 12 گولڈ میڈل جیت کر ویشویشوریا کالج آف ٹیکنالوجی کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولڈ میڈل حاصل کرنے کا ریکارڈ درج کرچکاہے۔انہوں نے کہا کہ آج انجمن سے فارغ طلبا دنیا کے کونے کونے میں پھیلے ہوئے ہیں اور اعلیٰ مقام و مرتبہ پر فائز ہیں۔
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی اور مولانا نور احمد بیگ باقوی وغیرہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے صدر مدرس شبیر دفعدار نے سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی ۔ انجمن بائز ہائی اسکول کے صدر مدرس محی الدین ختالی ،نائب صدر اول عبدالرحمن باطنؔ، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری، انجمن کے سکریٹری عبدالواجد کولا ڈائس پر موجود تھے۔